پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید احتجاج

تربت (رپورٹر) نیشنل پارٹی کے سابق مرکزی نائب صدر انجنیئر حمید بلوچ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے عوام کے خلاف معاشی اقدام قرار دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے عوام پر مزید مالی دباؤ ڈالنا حکومتی پالیسیوں کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے اثرات اپنی جگہ، تاہم ملک میں پیٹرولیم قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ناقابلِ جواز ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ نہ صرف ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کا باعث بنے گا بلکہ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو جائیں گی، جس سے مجموعی معاشی صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔
انجنیئر حمید بلوچ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے اخراجات میں کمی لائے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ نیشنل پارٹی عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں