کوئٹہ(این این آئی)نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ظالمانہ اضافے کو عوام پر براہِ راست معاشی حملہ قرار دیتے ہوئے اسے مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ مہنگائی کے ہاتھوں پہلے ہی پسے ہوئے عوام پر ایک اور پیٹرول بم گرانا حکمرانوں کی سنگدلی، نااہلی اور عوام دشمن پالیسیوں کا واضح ثبوت ہے۔ یہ اضافہ دراصل غریب دشمن معاشی ایجنڈے کا تسلسل ہے جس کے ذریعے عوام کا معاشی استحصال کرنا ہے انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی اور جنگی صورتحال کے اثرات پوری دنیا پر ضرور مرتب ہوئے ہیں، لیکن جس طرح پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کیا گیا ہے، وہ حکومتی نااہلی اور عوام دشمن فیصلوں کی بدترین مثال ہے۔بیان میں کہا گیا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ صرف ایندھن تک محدود نہیں رہے گا بلکہ اس کے اثرات پورے معاشی نظام کو مفلوج کر دیں گے۔ ٹرانسپورٹ کے کرائے آسمان سے باتیں کریں گے اور اشیائے خوردونوش عام آدمی کی دسترس سے مکمل طور پر باہر ہو جائیں گی۔بیان میں کہاگیا کہ حکومت فوری طور پر اپنی غیر ضروری اخراجات اور شاہ خرچیوں پر قدغن لگائے اور عوام پر مسلط کیے گئے معاشی بوجھ کو کم کرنے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کرے۔ نیشنل پارٹی عوام کے حقوق کے دفاع کے لیے ہر محاذ پر جدوجہد جاری رکھے گی۔

