بلوچستان، 519 اشتہاری، مطلوب اور مفرور ملزمان گرفتار

کوئٹہ (این این آئی) بلوچستان پولیس نے صوبہ بھر میں جاری خصوصی مہم کے دوران گزشتہ تین ہفتوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 519 اشتہاری، مطلوب اور مفرور ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ، منشیات اور مسروقہ سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔ترجمان بلوچستان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 3 کلاشنکوف، ایک راکٹ شیل، 76 پسٹل و ریوالور، 7 شاٹ گنز، 461 کارتوس اور 41 میگزین برآمد کیے گئے۔ اسی دوران کارروائیوں کے نتیجے میں سات مغویوں کو بازیاب بھی کرایا گیا۔ترجمان کے مطابق منشیات کے خلاف کارروائیوں میں 84 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا، جن سے 3,614 کلوگرام آئس (شیشہ)، 76,609 کلوگرام چرس، 20 گرام افیون اور 269 بوتلیں شراب برآمد کی گئیں۔پولیس نے مزید بتایا کہ مہم کے دوران تین مسروقہ گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور پانچ موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے، جبکہ 17 گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو دفعہ 550 کے تحت تحویل میں لیا گیا۔ترجمان بلوچستان پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار اشتہاریوں اور مفرور ملزمان کے جرائم سے متعلق دیگر صوبوں کے ساتھ بھی ڈیٹا کا تبادلہ کیا جا رہا ہے تاکہ مزید تحقیقات کو مؤثر بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں