ایف آئی اے بلوچستان زون نے پیٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی تجارت کیخلاف کارروائیاں تیز ، پیٹرولیم ڈپوؤں کے اسٹاک اور ریکارڈ کی مکمل جانچ پڑتال شروع کردی

کوئٹہ(این یان آئی) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) بلوچستان زون نے پیٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی تجارت کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے کوئٹہ میں پیٹرولیم ڈپوؤں کے اسٹاک اور ریکارڈ کی مکمل جانچ پڑتال شروع کردی۔ایف آئی اے حکام کے مطابق کارروائی کے دوران پیٹرولیم اسٹاک کو رجسٹرز اور سرکاری دستاویزات سے ملا کر تصدیق کی گئی جبکہ اسٹاک رجسٹرز اور دیگر ریکارڈ کا تفصیلی معائنہ بھی کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات جاری ہیں۔ایف آئی اے نے واضح کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بلیک مارکیٹنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔حکام کے مطابق سپلائی چین میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے انسپکشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، جبکہ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔ایف آئی اے بلوچستان زون کا کہنا ہے کہ غیر قانونی تجارت کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جا رہا ہے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام یقینی بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں