کوئٹہ(این این آئی) نواں کلی اور گردونواح میں بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کے خلاف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3 رکنی سنیچرز گینگ کو گرفتار کر لیا، جبکہ ملزمان کے قبضے سے مسروقہ موٹر سائیکلیں اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق ایس ایچ او زرغون آباد بابر بلوچ کی قیادت میں کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان عطا، عزیر اور حفیظ شہریوں سے موٹر سائیکل اور موبائل فون چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے چھینی گئی 2 موٹر سائیکلیں اور واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کیا گیا۔پولیس حکام نے مزید بتایا کہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں 2 ملزمان سے 2 پستول اور متعدد راؤنڈز بھی برآمد کیے گئے ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مؤثر کارروائی کے بعد نواں کلی اور ملحقہ علاقوں میں امن و امان کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے، جبکہ علاقہ مکینوں نے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔حکام کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی پولیس نے 5 رکنی سنیچر گینگ کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 4 موٹر سائیکلیں اور موبائل فونز برآمد کیے تھے، جس کے بعد علاقے میں جرائم کی شرح میں کمی آئی تھی۔

