ڈیرہ بگٹی میں مشترکہ کھلی کچہری، عوامی مسائل کے حل کے لیے اہم اقدام

ڈیرہ بگٹی(رپورٹر) ڈیرہ بگٹی میں عوامی مسائل کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ اور ایف سی 66 ونگ کی جانب سے مشترکہ کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے اپنے مسائل براہِ راست حکام کے سامنے پیش کیے۔
کھلی کچہری میں تمام ضلعی افسران، قبائلی عمائدین، سماجی شخصیات اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر عوام نے اپنے روزمرہ زندگی سے متعلق اہم مسائل اجاگر کیے، جن میں گیس کی عدم دستیابی، بجلی کی لوڈشیڈنگ، سڑکوں کی خستہ حالی، اسٹریٹ لائٹس کی کمی، پینے کے صاف پانی کی قلت اور سیوریج نظام کی خرابی جیسے بنیادی مسائل شامل تھے۔
شہریوں نے حکام کو بتایا کہ ان مسائل کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے اور فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور ایف سی حکام نے شہریوں کے مسائل کو غور سے سنا اور ان کے حل کے لیے فوری اقدامات کی یقین دہانی کروائی۔ متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں اور جلد از جلد رپورٹ پیش کریں۔
حکام کا کہنا تھا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام اور انتظامیہ کے درمیان فاصلے کم کرنا اور شہریوں کو ان کے مسائل کے حل کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے، تاکہ عوامی شکایات کو موقع پر سنا اور حل کیا جا سکے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور ایف سی کے اس اقدام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے اور شہریوں کے مسائل میں واضح کمی آئے گی.

اپنا تبصرہ بھیجیں