بلوچستان،پنک و گرین بس ایک ماہ کیلئے فری، مارکیٹیں 8بجے،شادی ہالزو ریسٹورنٹ رات 10بجے بند کرنے کا فیصلہ

کوئٹہ(این این آئی) وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کے اضافے کے بعدعوامی ریلیف اقدامات کا آغاز کرتے ہوئے ایک ارب روپے سے زائد کی بچت کی ہے، صوبے کے چھوٹے کسانوں کو کسان کارڈ کے ذریعے 15ہزار روپے فراہم کریں گے،پنک اور گرین بس کو ایک ماہ کیلئے فری کردیا گیا ہے صوبے میں مارکیٹیں 8بجے اورشادی ہالزو ریسٹورنٹ10بجے بند ہونگے بلوچستان نے قومی سطح پر بچت مہم اور ریلیف اقدامات کے لیے اب تک دوارب سے زائد حصہ دیا ہے، گزشتہ مالی سال کے دوران 14ارب روپے کی بچت ہوئی۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی اس موقع پر صوبائی وزراء میر ظہور بلیدی،میرضیاء اللہ لانگو، بخت محمدکاکڑ،وزیراعلیٰ کے معاون برائے میڈیا وسیاسی امور شاہدرندبھی موجود تھے۔وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے کہا کہ ہمسایہ ملک ایران میں انتہائی خطرناک جنگ چل رہی ہے جسکے اثرات پاکستان پر بھی پڑ رہے ہیں جنگ کی وجہ سے پاکستان میں بھی مہنگائی بڑھی ہے۔انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری،وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈمارشل سید عاصم منیرنے جس مدبرانہ انداز میں معاملات کو چلایا ہے اس پرانہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت نے وفاق کے کفایت شعاری اقدامات کے اعلان کے بعد3ماہ کیلئے اپنے حصے کے 7ارب روپے وفاق کو دیئے ہیں ابتک ایک ماہ میں 2ارب روپے سے زائد رقم وفاق کو دی جاچکی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں 80ہزار پبلک ٹرانسپورٹ رجسٹرڈ ہے ان میں سے بعض صوبے کے اندر اور دیگر صوبوں کے لوگ بھی ہیں ہم ٹرانسپورٹرز کو 15دن کا وقت دے رہے ہیں کہ وہ اپنی ٹرانسپورٹ کو مفت اپنے نام پررجسٹرڈ کرائیں اوراگر کسی صورت میں ایسا ممکن نہ ہوسکا اورانکے پیسے پرانے مالکان کو گئے تو وہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر سے رابطہ کریں ہم انکی شکایات کا ازالہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں گندم کی کاشت کا سیزن شروع ہوگیاہے ساڑھے 12ایکڑ تک زمین رکھنے والے چھوٹے کسانوں کو کسان کارڈ کے ذریعے ایک ماہ کیلئے تھریشر کی مد میں سبسڈی کے طور پر 15ہزار روپے دیں گے جبکہ صوبے کے بعض اضلاع ایسے ہیں جہاں کچھ وقت بعد کاشت ہوگی وہاں کے کسانوں کو بھی کسان کارڈ کے ذریعے سبسڈی ملے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو اگلے مرحلے میں موٹرسائیکلز اور 800سی سی تک گاڑیوں کوبھی سبسڈی دینے پرغور کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام کمشنرز،ڈپٹی کمشنرز،ڈی آئی جی سمیت انتظامی افسران کو ہدایت کردی گئی ہے کہ تیل کی ذخیرہ اندوزی،گراں فروشی کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے کسی بھی چیک پوسٹ پر پولیس کو یہ اختیار نہیں کہ وہ انسداد اسمگلنگ کارروائیاں کریں پولیس کا کام امن و امان قائم کرنا ہے وہ جرائم کوروکنے کیلئے کام کرے کسٹم اپناکام خود کریگا کسٹم کلیکٹر ایماندار شخص ہیں انکا اپنا گھر تک نہیں اب وہ دو ہفتے بعد واپس بھیجے جارہے ہیں میں وفاق سے بات کروں گا کہ اس ایماندار شخص کو بلوچستان میں تعینات رہنے دیا جائے۔وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ پیرسے بلوچستان کی تمام مارکیٹوں کو مہذب اور مناسب وقت یعنی 8بجے رات بند کیا جائے گا تاجروں کو بھی اس حوالے سے اعتماد میں لوں گا ریسٹورنٹس اور شادی ہالز رات د س بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ میڈیکل اسٹورز پابندی سے مستشنیٰ ہونگے پوری دنیا میں کاروبار کیلئے تہذیبی وقت ہوتا ہے یہ نہیں ہوسکتا کہ ہم توانائی کے بحران سے گزررہے ہوں اور مارکیٹیں کھلی ہوں پہلے بھی چھٹیاں دینے کامقصد یہ تھا کہ لوگ گھروں پر رہیں اور ایندھن کی بچت ہولیکن چھٹیوں میں پکنک بڑھ گئی اسوقت بھی محکمہ خزانہ بلوچستان مکمل طور پر بند ہے سوائے صحت اور تعلیم کے تمام محکموں میں کفایت شعاری مہم جاری ہے وزیراعلیٰ ہاؤس سے بچت کا آغاز کردیا ہے اسوقت بھی وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں 50فیصد عملہ کام کررہا ہے جبکہ 400اسامیوں کو واپس کردیا ہے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ضروری اور سیکورٹی کی گاڑیوں کے علاوہ تمام غیرضروری گاڑیاں بندہونگی جبکہ مستقبل میں وزیراعلیٰ ہاؤس کی پٹرول پرچلنے والی گاڑیاں نیلام کرکے الیکٹرک گاڑیاں لائیں گے جو افسران کی ڈیوٹی کے اوقات میں سولر سے چارج ہونگی کوشش ہوگی کہ دیگر محکموں جہاں پٹرول پرچلنے والی گاڑیاں ضروری نہ ہوں ان میں بھی ایسی ہی اصلاحات لائی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک ماہ کے دوران بلوچستان حکومت نے 1.4ارب روپے سے زائد کی بچت کی ہے گزشتہ بس صوبائی حکومت نے 14ارب روپے بچائے جن میں ایک ارب روپے کے اخبارات کے اخراجات بھی شامل تھے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کابینہ نے دو ماہ کی تنخواہیں نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور اگرآگے بھی ضرورت پڑی تو قومی مہم میں حصہ ڈالتے ہوئے ہم آئندہ بھی تنخواہیں نہیں لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایران،امریکہ اسرائیل جنگ میں انتہائی مثبت کردارادا کیا ہے جس پرہماری سول و عسکری قیادت خراج تحسین کی مستحق ہے انکا کردار انتہائی مثبت رہا ہے وزیرخارجہ نے چوٹ لگنے کے باوجود بھی چین کا دورہ کیا اسوقت پاکستان کی اہمیت کو نہ صرف محسوس کیا جارہا ہے بلکہ اسکا دنیا کو فائدہ بھی پہنچ رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں