اوستہ محمد میں براہوی کلچر ڈے، شاندار ریلی اور ثقافتی جوش و خروش

اوستہ محمد ( عابدعلی) ملک بھر کی طرح اوستہ محمد میں بھی براہوی کلچر ڈے نہایت جوش و خروش اور ثقافتی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں یو بی ایل چوک سے ایک شاندار ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت انجینیئر عبدالرشید جتک علی گل پندرانی نے کی۔
ریلی میں شہریوں، نوجوانوں اور مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے براہوی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے روایتی لباس زیب تن کیے اور ثقافتی نعروں کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ ریلی شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی دوبارہ یو بی ایل چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔
سماجی و معروف قبائلی شخصیت سردار محمد جان پندرانی میر محمد خان جتک مولانا عبدالمجید جتک سردار زادہ محمد الیاس خان پندرانی علی گل پترانی انجینیئر میر عبدالرشید جتک منظور احمد پندرانی محمد علی جتک محمد نور مجاہد براہوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانچ اپریل کا دن براہوی ثقافت کے لیے عید کی حیثیت رکھتا ہے، جسے ہم ہر سال بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ مناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی ثقافت، زبان اور روایات کو زندہ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور ایسے پروگرامز نئی نسل کو اپنی پہچان سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ریلی کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ براہوی ثقافت کے فروغ اور تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں