گوادر پورٹ: ایم وی ریوا گلوری جہاز کے ذریعے 14,629 میٹرک ٹن کارگو کی ترسیل

گوادر(رپورٹر) گوادر پورٹ پر تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ جاری ہے، جہاں ایک اور کارگو جہاز ایم وی ریوا گلوری (MV Riva Glory) مجموعی طور پر 14,629 میٹرک ٹن ٹرانسشپمنٹ کارگو لے کر بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا ہے۔ گوادر پورٹ ترجمان کے مطابق جہاز کے ذریعے مختلف اقسام کا تجارتی سامان گوادر پورٹ پہنچایا گیا، چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گوادر پورٹ پر کارگو جہازوں کی مسلسل آمد اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بندرگاہ بتدریج علاقائی تجارت کا اہم مرکز بنتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورٹ پر جدید سہولیات، بہترین آپریشنز اور بہتر لاجسٹک نظام کے باعث بین الاقوامی تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ چیرمین نورالحق بلوچ کا کہنا تھا کہ گوادر پورٹ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے تجارتی راہداری کی حیثیت اختیار کر رہی ہے اور مستقبل میں کارگو ہینڈلنگ اور ٹرانزٹ ٹریڈ کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرمایہ کاروں اور تجارتی کمپنیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر کے گوادر پورٹ کو فعال اور مصروف بندرگاہ بنایا جائے گا۔ ترجمان جی پی اے کے مطابق کارگو کی ان لوڈنگ کا عمل مقررہ شیڈول کے مطابق جاری ہے جبکہ بندرگاہ پر تجارتی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے کے اقدامات بھی جاری ہیں۔

*جمیل قاسم*
میڈیا کوآرڈینیٹر
گوادر پورٹ اتھارٹی

اپنا تبصرہ بھیجیں