گوادر(این این آئی)گوادر پورٹ پر بحری سرگرمیوں میں تیزی،گوادر بندرگاہ مکمل طور پر فعال، عالمی تجارت کے لیے دروازے کھل گئے،جدید سہولیات، تیز رفتار آپریشنز اور سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش مواقع،چیئرمین گوادر بندرگاہ نورالحق بلوچ نے گوادر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ مکمل طور پر کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے تیار ہے اور بندرگاہ پر تمام بنیادی و جدید سہولیات دستیاب ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت گوادر پورٹ پر تین برتھس آپریشنل ہیں جبکہ زیادہ سے زیادہ 12.5 میٹر ڈرافٹ کے حامل بحری جہاز لنگر انداز ہو سکتے ہیں۔ بندرگاہ پر 50 ہزار میٹرک ٹن ڈیڈ ویٹ تک کے جہازوں کو ہینڈل کرنے کی سہولت موجود ہے۔ رول آن رول آف (RO-RO) سروس اور سروس برتھ بھی فعال ہیں۔ چیرمین نورالحق بلوچ کے مطابق کارگو ہینڈلنگ کے لیے جدید کرینز نصب ہیں جن میں جنرل کارگو کے لیے پورٹل کرینز اور کنٹینرز کے لیے ایس ٹی ایس اور آر ٹی جی کرینز شامل ہیں، جن سے تیز اور بغیر تاخیر آپریشنز کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارگو کے لیے مخصوص مدت تک مفت اسٹوریج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے اور جنرل کارگو یارڈ میں بڑی مقدار میں سامان ذخیرہ کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ حساس نوعیت کے کارگو کے لیے علیحدہ شیڈز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ چیرمین گوادر بندرگاہ نورالحق بلوچ کا کہنا تھا کہ گوادر پورٹ پر تیز رفتار ٹرن اراؤنڈ کو یقینی بنایا جا رہا ہے، جس کے باعث برتھنگ کے لیے غیر ضروری انتظار نہیں کرنا پڑتا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جنرل اور اسپیشلائزڈ پراجیکٹ کارگو سمیت مختلف اقسام کے سامان کی کلیئرنس اور آپریشنز ویب بیسڈ آن لائن سسٹم (WEBOC) کے تحت انجام دیئے جا رہے ہیں۔ جبکہ سیکیورٹی اور سیفٹی کے مؤثر انتظامات بھی موجود ہیں۔ خلیجی ممالک اور دیگر بندرگاہوں کے لیے ٹرانس شپمنٹ اور آگے ترسیل کی سہولیات بھی دستیاب ہیں، جن کے تحت فوری ڈسچارج، اسٹوریج اور فارورڈنگ کا نظام فعال ہے۔ چیرمین گوادر پورٹ نے کہا کہ بندرگاہ بین الاقوامی تجارت کے لیے مکمل طور پر فعال ہے اور سرمایہ کاروں و شپنگ کمپنیوں کو جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک دو بحری جہاز بندرگاہ پہنچ چکے ہیں، ایک راستے میں ہے جبکہ مزید جہازوں کی آمد متوقع ہے۔

