نوشکی میں نیشنل بنک سمیت دیگر بنکوں کی شاخوں کی طویل بندش قابل مذمت ہے،ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ

کوئٹہ(این این آئی) نیشنل پارٹی کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے نوشکی میں نیشنل بینک آف پاکستان سمیت مختلف نجی بینکوں کی شاخوں کی طویل بندش پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سنگین صورتحال کے پیش نظر متعلقہ بینکوں کے سربراہان کو باضابطہ خطوط ارسال کیے ہیں، جن میں ان سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ ان برانچوں کو ہنگامی بنیادوں پر بحال کیا جائے۔واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں امن و امان کی بدترین صورتحال کے باعث نیشنل بینک اور دیگر نجی بینکوں کی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا تھا، جس کے بعد سے اب تک ان کی بحالی ممکن نہیں ہو سکی ہے۔ اس تعطل کے نتیجے میں مقامی آبادی، بالخصوص سرکاری ملازمین، پنشنرز اور کاروباری طبقہ شدید مشکلات سے دوچار ہے۔شہریوں کو اپنی تنخواہوں کی وصولی اور روزمرہ مالیاتی لین دین کے لیے دالبندین، خاران اور کوئٹہ کا طویل اور دشوار گزار سفر کرنا پڑ رہا ہے، جو نہ صرف وقت کے ضیاع کا باعث ہے بلکہ عوام پر اضافی مالی بوجھ بھی ڈال رہا ہے۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی تکلیف کا فوری ازالہ کرنے کے لیے ان بینکوں کی برانچز کو ہنگامی بنیادوں پر بحال کر کے مکمل طور پر فعال بنایا جائے، تاکہ علاقے کے عوام کو درپیش مسائل اور مشکلات سے نجات مل سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں