صحبت پور: صحت عامہ کی بدترین صورتحال، گاؤں گل محمد کھوسہ مکمل نظر انداز

صحبت پورن (عطا محمد کھوسہ) ضلع صحبت پور ہر دور میں صحت عامہ کی شدید محرومیوں کا شکار رہا ہے، جہاں عوام بنیادی سہولیات سے بھی محروم دکھائی دیتے ہیں۔ ضلع بھر میں اگرچہ صحت کے مراکز قائم ہیں، تاہم کئی دور دراز علاقوں میں سہولیات کا فقدان بدستور برقرار ہے، جس کے باعث مقامی آبادی شدید مشکلات سے دوچار ہے۔
تفصیلات کے مطابق گاؤں گل محمد کھوسہ میں صحت کی ابتر صورتحال کی متعدد داستانیں سامنے آ رہی ہیں۔ خاص طور پر پولیو مہم کے دوران اتنے بڑے گاؤں میں خاتون ورکر کے ساتھ پولیو ٹیموں کو نہ بھیجنا انتہائی افسوسناک اور لمحہ فکریہ ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ جب متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جاتا ہے تو ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈال کر ٹال مٹول سے کام لیا جاتا ہے۔ کبھی کہا جاتا ہے کہ آپ کا علاقہ کوریج میں شامل ہے، جبکہ موقع پر ٹیمیں موجود نہیں ہوتیں۔
اہل علاقہ کے مطابق متعدد بار پولیو ویکسین مہم کے دوران گاؤں کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا، جو نہ صرف انتظامیہ کی غفلت بلکہ بچوں کی صحت کے ساتھ سنگین لاپرواہی کے مترادف ہے۔ جدید دور میں اس طرح کی صورتحال کسی قدیم زمانے کی عکاسی کرتی ہے۔
اہل گاؤں نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور ڈپٹی کمشنر صحبت پور سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ گاؤں گل محمد کھوسہ کی صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے اور پولیو ویکسینیشن مہم میں غفلت برتنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ بصورت دیگر اہل علاقہ نے احتجاج کا راستہ اختیار کرنے کا عندیہ دیا

اپنا تبصرہ بھیجیں