صحبت پور( عطا محمد کھوسہ ) ضلع صحبت پور میں ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور سڑکوں کے کنارے ریڑھی بانوں کے قیام سے عوام کو درپیش مشکلات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی۔ ڈپٹی کمشنر صحبت پور کے احکامات پر اسسٹنٹ کمشنر سیف الدین کھوسہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے سڑکوں کے کنارے قائم ریڑھیاں ہٹا دیں۔
کارروائی کے دوران ریڑھی بانوں کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ آئندہ سڑکوں کے کنارے ریڑھیاں کھڑی نہ کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ شہریوں کو آمد و رفت میں سہولت فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
مزید برآں، شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے باعث تجاوزات کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کیا گیا، جس کے دوران متعدد تجاوزات کو ہٹا دیا گیا۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ سڑکوں پر کسی بھی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا اور عوامی مشکلات میں کمی لانا ہے تاکہ شہریوں کو بلا تعطل سفر کی سہولت میسر آ سکے۔

