ضلع چاغی میں 13 اپریل سے 19 اپریل تک انسداد پولیو کی خصوصی مہم بھرپور انداز میں چلائی جائیگی، ڈپٹی کمشنر چاغی

چاغی (این این آئی) ڈپٹی کمشنر چاغی جہانزیب نور شاہوانی نے اپنے ایک اہم پیغام میں اعلان کیا ہے کہ ضلع چاغی میں 13 اپریل سے 19 اپریل تک انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم بھرپور انداز میں چلائی جائے گی، جس کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے تاکہ انہیں اس موذی اور خطرناک مرض سے محفوظ بنایا جا سکے انہوں نے کہا کہ پولیو ایک ایسا مرض ہے جو بچوں کی زندگی کو ہمیشہ کے لیے متاثر کر سکتا ہے، اس لیے اس کے مکمل خاتمے کے لیے ہر شہری کا تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کی کہ مہم کے دوران ضلع کے تمام علاقوں، بالخصوص دور دراز اور پسماندہ بستیوں تک رسائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہے۔انہوں نے والدین، اساتذہ، علمائے کرام اور کمیونٹی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ اس قومی فریضے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے بچوں کو لازمی طور پر پولیو کے قطرے پلوائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیو کا خاتمہ صرف حکومتی کوششوں سے نہیں بلکہ پوری قوم کے مشترکہ عزم اور تعاون سے ہی ممکن ہے۔ڈپٹی کمشنر جہانزیب نور شاہوانی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ انسدادِ پولیو مہم کی کامیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی تاکہ بچوں کو ایک محفوظ، صحت مند اور روشن مستقبل فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ امن، صحت اور خوشحال معاشرے کی بنیاد صحت مند بچوں پر ہوتی ہے، لہٰذا انسدادِ پولیو مہم میں بھرپور تعاون ہر شہری کی قومی و سماجی ذمہ داری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں