کوئٹہ(این این آئی)نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی زیر صدارت نیشنل پارٹی کی تشکیل کردہ مائننگ کمیٹی کا اہم اجلاس پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں کمیٹی کے اراکین، قانونی ماہرین نے شرکت کی۔اجلاس میں بلوچستان مائنز اینڈ منرل ایکٹ 2025 کا جائزہ اور نئی ترامیم کے حوالے سے جامع مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں تشویش کا اظہار کیا گیا کہ مائننگ کے شعبے میں غیر شفاف پالیسیوں اور غیر مساوی معاہدوں کے باعث بلوچستان کے عوام کو ان کے وسائل کا حقیقی فائدہ نہیں مل رہا۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی بلوچستان کے وسائل پر عوام کے حقِ اختیار، قومی خودمختاری اور آئینی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ مائننگ کے شعبے میں ایسی پالیسیاں ہرگز قبول نہیں کی جائیں گی جو بلوچستان کے عوام کو ان کے جائز حقوق سے محروم کریں۔ انہوں نے کہا کہ کہ مستقبل کی کسی بھی قانون سازی میں بلوچستان کے حقِ اختیار، وسائل پر مکمل کنٹرول، اور مقامی آبادی کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ پارٹی اپنی سفارشات کو حتمی شکل دے کر متعلقہ اداروں کے سامنے پیش کرے گی تاکہ ایک ایسا منصفانہ اور عوام دوست ترامیم تشکیل دیا جا سکے جس میں بلوچستان کے وسائل کا فائدہ سب سے پہلے اسی کے عوام کو پہنچے۔اجلاس میں نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میر کبیر احمد محمد شہی مرکزی نائب صدر سردار کمال خان بنگلزئی نائب صدر ڈاکٹر اسحاق بلوچ مرکزی ترجمان علی احمد لانگو ایم پی اے چیرمین خیر جان بلوچ صوبائی جنرل سیکرٹری ایڈوکیٹ چنگیز حئی بلوچ ممبر مرکزی کمیٹی میر عبدالخالق بلوچ میر کریم کھیتران صوبائی قانون سیکرٹری ایڈوکیٹ جلیل لانگو سمیت دیگر موجود تھے۔ائینی کمیٹی کا دوسرا اجلاس 8 اہریل بروز بدھ کو دوبارہ ہوگا۔

