ووٹ محض ایک کاغذ کا ٹکڑا نہیں،مقدس امانت، وکالت اور سفارش ہے، محمد انور لودھی

اوتھل(این این آئی)ضلع لسبیلہ میں نوجوان نسل کو انتخابی عمل اور ووٹ کی اہمیت سے روشناس کرانے کے لیے ایک خصوصی آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر لسبیلہ، محمد انور لودھی کی سربراہی میں یہ تقریب گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول اوتھل میں منعقد ہوئی، جس کا مقصد طلبا کو ملک کے جمہوری عمل میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دینا تھا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد انور لودھی نے طلبا کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ڈھانچے، اس کے دائرہ اختیار اور آئینی ذمہ داریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن ملک میں شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کا ضامن ہے اور نوجوانوں کو اس عمل کا حصہ بننا چاہیے۔ محمد انور لودھی نے ووٹ کی اہمیت پر سیر حاصل روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ووٹ محض ایک کاغذ کا ٹکڑا نہیں بلکہ ایک مقدس امانت، وکالت اور سفارش ہے۔ یہ وہ طاقت ہے جہاں امیر و غریب، بڑے اور چھوٹے کا فرق مٹ جاتا ہے اور ہر شہری کو برابر کا اختیار حاصل ہوتا ہے۔ ایک ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے اپنے حقِ رائے دہی کا صحیح استعمال کرنا ہم سب کا اولین فریضہ ہے۔ سیشن کے اختتام پر طلبا کی دلچسپی بڑھانے کے لیے ایک تخلیقی سرگرمی بھی کی گئی۔ جس پر طلبا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں نہ صرف خود ووٹ ڈالیں گے بلکہ اپنے خاندان اور گردونواح کے لوگوں میں بھی اس حوالے سے شعور بیدار کریں گے۔اس اہم تعلیمی و آگاہی سیشن میں شرکت کی۔ معزز شرکاء میں درج ذیل شامل تھے ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن (میل) اوتھل و ممبر ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی لسبیلہ محمد اطہر قریشی، شہزاد حیدر: وائس پرنسپل گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول،دیگر اساتذہ شاہ نواز، وقار اور دیگر اساتذہ بھی موجود تھے تقریب ک اختتام پر اسکول انتظامیہ نے الیکشن کمیشن کے اس اقدام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ایسی سرگرمیوں سے مستقبل کے معماروں میں سیاسی اور سماجی شعور پختہ ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں