سریس کرائم انوسٹی گیشن ونگ نے خاتون کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا

کوئٹہ(این این آئی) سریس کرائم انوسٹی گیشن ونگ نے خاتون کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق کچلاک کے علاقے کلی کتیر کے برساتی نالے سے ملنے والی نامعلوم خاتون کی نعش کے کیس میں سریس کرائم انوسٹی گیشن ونگ (SCIW) نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت، جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے اہم پیشرفت کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔پولیس نے بتایا کہ گزشتہ دنوں کچلاک کے علاقے کلی کتیر کے برسائی ناتلے سے پولیس نے نامعلوم خاتون کی نعش قبضے میں لی تھی اور مقدمہ درج کرکے تفتیش سریس کرائم انوسٹی گیشن ونگ کے سپرد کی گئی ایس ایس پی سریس کرائم انوسٹی گیشن ونگڈاکٹر سمیع ملک کی سربراہی میں تشکیل دی گئی تفتیشی ٹیم نے جائے وقوعہ کا باریک بینی سے جائزہ لیا، شواہد اکٹھے کیے اورسی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان تک رسائی حاصل کی۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور مسلسل محنت کے نتیجے میں ملزم نور محمد کو گرفتار کیا گیا۔دورانِ تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ مقتولہ نوشین کو اس کے شوہر سخی داد نے گھریلو ناچاقی پر فائرنگ کرکے قتل کیا بعد ازاں نعش کو کمبل میں لپیٹ کر بوری میں بند کیا گیا اور گاڑی کے ذریعے برساتی نالے میں پھینک دیا گیا جبکہ جائے وقوعہ کو صاف کیا گیا تاکہ شواہد مٹائے جا سکیں۔ سریس کرائم انوسٹی گیشن ونگ کی پیشہ ورانہ مہارت، بروقت کارروائی اور جدید تفتیشی طریقوں نے اندھے قتل کے اس کیس کو ٹریس کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔پولیس نے مرکزی ملزم سخی داد کی گرفتاری کے لیے کوششیں تیزکردی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں