میر اعجاز خان سنجرانی سے نوکنڈی ماسٹر پلان کے پروجیکٹ ڈائریکٹر امتیاز بلوچ اور طاہر لہڑی کی ملاقات

نوکنڈی(این این آئی)بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے سابق مشیر میر اعجاز خان سنجرانی سے نوکنڈی ماسٹر پلان کے پروجیکٹ ڈائریکٹر امتیاز بلوچ اور طاہر لہڑی نے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے نوکنڈی ماسٹر پلان کے مختلف پہلوؤں اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر میر اعجاز خان سنجرانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوکنڈی ماسٹر پلان صرف ایک تعمیراتی منصوبہ نہیں بلکہ نوکنڈی اور ملحقہ علاقوں کے عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کی جانب ایک اہم اور تاریخی قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ اس بات کی واضح ضمانت ہے کہ ترقی کے ثمرات اب براہِ راست عام آدمی تک پہنچیں گے اور علاقے میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کو مقامی لوگوں کی ضروریات، مسائل اور مشاورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ یہ حقیقی معنوں میں ایک“عوامی منصوبہ”ثابت ہو سکے۔ میر اعجاز خان سنجرانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوکنڈی ماسٹر پلان کے ذریعے نہ صرف شہری ڈھانچے کو جدید بنایا جائے گا بلکہ مقامی کاروبار کو فروغ ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جس سے علاقے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ اور غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں