نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا نیشنل پارٹی کے سابق سیکرٹری جنرل و بائیں بازو کے علمبردار ڈاکٹر حسن ناصر کے انتقال پر گہرےو غم کا اظہار

کوئٹہ (رپورٹر) نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے نیشنل پارٹی کے سابق سیکرٹری جنرل اور بائیں بازو کے متحرک و نظریاتی رہنما ڈاکٹر حسن ناصر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر حسن ناصر سیاسی علم و فہم اور فکری گہرائی کا ایک وسیع سمندر تھے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر حسن ناصر ہمیشہ بائیں بازو کی سیاست کے متحرک و فعال رہنما رہے اور انہوں نے اپنی پوری سیاسی زندگی اصولی سیاست، جمہوری اقدار اور محکوم طبقات کے حقوق کے لیے وقف کیے رکھی۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ شہید ڈاکٹر یاسین بلوچ کی شہادت کے بعد ڈاکٹر حسن ناصر نے نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل کے طور پر نہایت ذمہ داری اور سیاسی بصیرت کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیے اور پارٹی کو ایک مشکل دور میں منظم رکھا۔انہوں نے کہا کہ کامریڈ حسن ناصر پختہ سیاسی نظریات و افکار کے مالک تھے اور ان کی جدوجہد ایک ایسے معاشرے کے قیام کے لیے تھی جہاں وسائل پر عوام کا حق تسلیم اور انصاف و برابری کو یقینی بنایا جائے۔نیشنل پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ ڈاکٹر حسن ناصر کی رحلت سے ملک کی ترقی پسند سیاست ایک مدبر، سنجیدہ اور نظریاتی رہنما سے محروم ہو گئی ہے۔ ان کی سیاسی خدمات اور جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔نیشنل پارٹی غم کی اس گھڑی میں کامریڈ کے خاندان کے ساتھ ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں