وزیر اعلیٰ بلوچستان سے یونین کونسلز نمائندگان کی ملاقات، مسائل سے آگاہ کیا

کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے بدھ کو یہاں لوکل گورنمنٹ یونین کونسلز کے چیئرمینز اور نمائندگان نے ملاقات کی جس میں یونین کونسلز کی سطح پر درپیش چیلنجز اور مسائل سے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا گیا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یونین کونسلز کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی۔ سیکرٹری خزانہ کی سربراہی میں قائم اس کمیٹی میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بھی شامل ہوں گے کیمٹی مسائل کا جامع جائزہ لے کر اپنی رپورٹ پیش کرے گی اور یونین کونسلز نمائندگان کو درپیش امور کا تفصیلی تجزیہ کرتے ہوئے قابل عمل سفارشات مرتب کرے گی تاکہ نچلی سطح پر مسائل کے مؤثر حل کو یقینی بنایا جا سکے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ یونین کونسلز کے جائز مسائل کے حل کیلئے مؤثر اور قابل عمل اقدامات اٹھائے جائیں گے انہوں نے کہا کہ نمائندگان کی جانب سے پیش کردہ متعدد مطالبات پر حکومت پہلے ہی پیش رفت کر رہی ہے انہوں نے واضح کیا کہ کوئی ایسا وعدہ نہیں کیا جائے گا جو عملی طور پر پورا نہ کیا جا سکے، تاہم تمام جائز مطالبات پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں