لسبیلہ(بیوروچیف حفیظ دانش) ملک بھر کی طرح لسبیلہ کے ضلعی ہیڈ کوارٹر اوتھل میں مرکزی حکومت کی ہدایات پر سمارٹ لاک ڈاؤن پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے۔ اس سلسلے میں بدھ اور جمعرات کی شب ضلعی انتظامیہ متحرک نظر آئی اور شہر کے مختلف بازاروں کا دورہ کرکے دکانیں بند کروائیں کارروائی کے دوران اسسٹنٹ کمشنر اوتھل آفتاب احمد لاسی، ڈی ایس پی غلام مصطفیٰ، نائب تحصیلدار عطااللہ جاموٹ اور چیف آفیسر اوتھل حاجی محمد خان دودا بھی موجود تھے۔ انتظامیہ نے تاجروں کو حکومتی احکامات پر عمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے مقررہ وقت پر کاروبار بند کرنے پر زور دیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر آفتاب احمد لاسی نے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں توانائی کی بچت انتہائی ضروری ہے تاکہ ملک میں بجلی کے بحران پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ پالیسی کے تحت تمام دکانیں رات 8 بجے بند کرنا لازمی ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ تاجروں کو چاہیے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود ہی مقررہ وقت پر دکانیں بند کریں تاکہ انتظامیہ کو روزانہ بازاروں کا دورہ کرکے زبردستی دکانیں بند نہ کروانا پڑیں۔انتظامیہ نے خبردار کیا کہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ تعاون کرنے والے تاجروں کو سراہا جائے گا۔

