گوادر(این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوان محب وطن ہیں اور انہیں سوشل میڈیا کے منفی پروپیگنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہیے انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں تنقید برائے تنقید نہیں تنقید برائے اصلاح ہونی چاہیے انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی یوتھ کا ریاست پر اعتماد بحال کرے گی، ان کے گلے شکوے سن کر ان کے خدشات دور کیے جائیں گے انہوں نے واضح کیا کہ ہم اپنے نوجوانوں کے سامنے جوابدہ ہیں اور آئینِ پاکستان نے ہمیں اس بات کا پابند بنایا ہے انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے گڈ گورننس، میرٹ اور شفافیت پر مبنی جامع اور موثر حکمتِ عملی ناگزیر ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں نیشنل یوتھ سمٹ گوادر کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ وہ طویل تقاریر کے بجائے نوجوانوں کو سننے آئے ہیں اور ان کا مقصد نوجوانوں کے مسائل اور شکایات کو براہِ راست جان کر ان کا حل تلاش کرنا ہے انہوں نے شرکاء کو ہدایت کی کہ وہ بلا خوف و جھجھک اپنی رائے کا اظہار کریں سوال و جواب کے سیشن میں ان کی ہدایت پر ریکارڈنگ بند کر دی گئی تاکہ ایک کھلا اور موثر مکالمہ ممکن ہو سکے انہوں نے تقریباً 45 منٹ تک نوجوانوں کے سوالات کے جوابات دیے طلبہ و طالبات نے میرٹ کی بحالی، روزگار کے مواقع، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر اہم امور پر سوالات اٹھائے وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبے میں تمام بھرتیاں میرٹ کی بنیاد پر کی جا رہی ہیں اور کسی بھی قسم کی کرپشن یا بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے بتایا کہ محکمہ تعلیم تربت میں بے ضابطگیوں پر ملوث افسران کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں معطل کیا گیا ہے جبکہ بی سی پولیس سمیت دیگر اداروں میں بھی شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ بدعنوانی اور بدانتظامی کے خاتمے کے بغیر ترقی ممکن نہیں انہوں نے محکمہ زکوٰکی مثال دیتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود غیر ضروری اخراجات ناقابل قبول ہیں اور نظام کی اصلاح ناگزیر ہے انہوں نے کہا کہ پرانی اور ناکارہ سرکاری گاڑیوں کے نام پر ایندھن کے اخراجات جیسے غیر ضروری مالی بوجھ کا خاتمہ کیا جا رہا ہے اور حکومتی وسائل کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے وزیراعلیٰ بلوچستان نے سوشل میڈیا کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بعض عناصر نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم حکومت مثبت سرگرمیوں اور آگاہی مہمات کے ذریعے نوجوانوں کی رہنمائی کر رہی ہے تاکہ انہیں درست سمت فراہم کی جا سکے تعلیم کے شعبے سے متعلق انہوں نے کہا کہ حکومت نے صوبے بھر میں تعلیمی اداروں کو فعال بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں اور گوادر ایک مثالی ضلع بن چکا ہے جہاں تمام سرکاری اسکول فعال ہیں اور کوئی بھی اسکول بند نہیں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو میرٹ، شفافیت اور مساوی مواقع کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے قبل ازیں نیشنل یوتھ سمٹ کی اختتامی تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جبکہ قومی ترانے کے احترام میں تمام شرکاء کھڑے ہوئے اس موقع پر گوادر کی بچیوں نے روایتی انداز میں وزیراعلیٰ کا استقبال کیا جبکہ گورنمنٹ گرلز شمبے اسماعیل اسکول کی طالبات نے خوبصورت ٹیبلو پیش کیا تقریب سے مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ اور صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ظہور بلیدی نے بھی خطاب کیا اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

