کوئٹہ(این این آئی)امیرجماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے سول ہسپتال گوادر کا تفصیلی دورہ کیا اور مریضوں سے فرداً فرداً ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے۔دورے کے دوران شہریوں نے ہسپتال میں ادویات اور بنیادی سہولیات کی شدید کمی سے متعلق متعدد شکایات پیش کیں، جس پر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے گہری تشویش کا اظہار کیا۔بعد ازاں انہوں نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حفیظ اور ہسپتال کی انتظامی ٹیم سے ملاقات کر کے عوامی شکایات سے متعلق وضاحت طلب کی اور مسائل کے فوری حل پر زور دیا۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ہسپتال کے تمام او پی ڈیز (OPDs) کا بھی دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ سول ہسپتال کی مینجمنٹ اور بنیادی سہولیات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بہتر علاج معالجہ میسر آ سکے۔

