کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے سربراہ سابق سینیٹر و وفاقی وزیر نوابزادہ میر اسرار اللہ خان زہری سے پارٹی کے مرکزی سینیئر نائب صدر ٹکری نظر محمد مینگل نے ان کی رہائشگاہ کراچی میں تفصیلی ملاقات کی۔ بیان میں کہا کہ ملاقات میں باہمی مشاورت تنظیمی سطح پر درپیش امور اور خطے کی بدلتی ہوئی سیاسی حرکیات کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ بیان میں کہا گیا کہ ملکی خصوصاً بلوچستان کی موجودہ سیاسی صورتحال صوبے میں بڑھتی ہوئی بے یقینی بارڈر کی بندش سے جنم لینے والی معاشی مشکلات صوبہ بھر میں بے روزگاری کے بڑھتے ہوئے رجحان تاجروں، طلبہ اور محنت کش طبقات کو درپیش مسائل، اور موجودہ حکومتی پالیسیوں کے منفی اثرات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل میں سنجیدگی، اہلیت اور واضح پالیسی سمت سے محروم دکھائی دیتی ہے جس کا براہِ راست نقصان بلوچستان کے عام شہریوں کو ہو رہا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ بی این پی (عوامی) کے تنظیمی ڈھانچے تنظیمی نظم و ضبط، ضلعی و تحصیل سطح پر پارٹی کی فعالیت کارکنان کے مابین ہم آہنگی اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر بھی سیر حاصل گفتگو کی گئی، دونوں رہنماؤں نے تنظیمی شعبہ جات کی کارکردگی، کارکنان کی تربیت اور جماعت کے آئین و منشور کے مطابق تنظیمی معاملات کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔پارٹی سربراہ میر اسرار اللہ خان زہری نے اس موقع پر کہا کہ جماعت کی بنیاد مضبوط تنظیم اور اصولی سیاست پر قائم ہے اور اس تسلسل کا برقرار رہنا ہی پارٹی کی اصل طاقت ہے۔ بیان میں کہا کہ بلوچستان کے عوامی حقوق صوبائی وسائل پر اختیار، آئینی، جمہوری و سیاسی جدوجہد اور پارلیمانی بالادستی کے لیے بی این پی (عوامی) اپنی روایات کے مطابق بھرپور انداز میں جدوجہد جاری رکھے گی۔ دونوں رہنماؤں نے مؤقف اختیار کیا کہ عوامی مسائل کی مؤثر نمائندگی اور تنظیم کی مزید فعالیت ہی آنے والے سیاسی مرحلوں میں جماعت کی حقیقی قوت ثابت ہوگی۔

