کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ حکومت صوبے کے تاریخی و ثقافتی ورثے کے تحفظ، خواتین کو بااختیار بنانے اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے مربوط اور عملی اقدامات کر رہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجگور کے دورے کے دوران مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح اور ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) ہیڈکوارٹر پنجگور رائفلز میں منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا وزیر اعلیٰ نے صوفی بزرگ شاہو قلندر کے مزار کی بحالی و تزئین و آرائش کا افتتاح کیا جو خستہ حالی کے باعث کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا تھا حکومت بلوچستان کی جانب سے اس اہم روحانی، تاریخی اور ثقافتی ورثے کی بحالی کے لیے 18 ملین روپے کے خصوصی فنڈز فراہم کیے گئے۔ منصوبے کی تعمیر نو، بحالی اور تزئین و آرائش کی ذمہ داری ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کو سونپی گئی جس نے ملک کے ممتاز اداروں، خصوصاً والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کی تکنیکی معاونت سے اسے قلیل مدت میں اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا۔وزیر اعلیٰ نے منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل پر ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے ایک مثالی اقدام قرار دیا اور اعلان کیا کہ پنجگور کے خدابادان فورٹ اور تربت کے پنوں فورٹ سمیت دیگر تاریخی مقامات کی بحالی کی ذمہ داری بھی اسی ادارے کو سونپی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ شاہو قلندر مزار کی بحالی سے نہ صرف ایک روحانی مرکز کو نئی زندگی ملی ہے بلکہ صوبے کے قدیمی ورثے میں ایک خوبصورت اور نمایاں اضافہ بھی ہوا ہے دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) پرواز فاؤنڈیشن کے تحت ازسرنو قائم وویمن اسکل ڈویلپمنٹ سنٹر (WSDC) کا افتتاح بھی کیا جس کا مقصد خواتین کو ہنر مند بنا کر انہیں معاشی طور پر خودمختار کرنا ہے۔ اس سنٹر میں آئی ٹی، سلائی کڑھائی، آرٹ ورک، بنیادی طبی سہولیات اور مذہبی تربیت سمیت مختلف کورسز کرائے جائیں گے پہلے مرحلے میں 300 طالبات کی کلاسز کا آغاز ہو چکا ہے جبکہ مزید 280 طالبات کی رجسٹریشن مکمل کی جا چکی ہے وزیر اعلیٰ نے سنٹر کی فعالیت اور استعداد بڑھانے کے لیے فیکلٹی ممبران کے لیے 10 لاکھ روپے، انتظامی امور کے لیے 5 لاکھ روپے ماہانہ فراہم کرنے اور آئی ٹی لیب میں خواتین کی گنجائش 20 سے بڑھا کر 100 کرنے کا اعلان کیا، تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس سہولت سے مستفید ہو سکیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے پنجگور رائفلز ہیڈکوارٹر میں کھلی کچہری میں شرکت کی جہاں انہوں نے عوامی مسائل براہ راست سنے اور متعلقہ حکام کو ان کے فوری حل کے لیے احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر انہوں نے پنجگور میں زیتون کے تیل کے پلانٹ کے قیام کا اعلان کیا تاکہ مقامی معیشت کو فروغ دیا جا سکے، جبکہ شہریوں کے لیے سفری سہولیات کی بہتری کے تحت دو گرین اور ایک پنک بس فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا وزیر اعلیٰ نے دہشت گردی سے متاثرہ گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج خدابادان کی مرمت و بحالی کے لیے 10 ملین روپے کی منظوری دی اور بارڈر کراسنگ پر ایف آئی اے امیگریشن ڈیسک کے قیام کی ہدایت جاری کی انہوں نے ون ڈاکومنٹ رجیم کے نفاذ کے بعد عوام کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ اداروں کو واضح احکامات دیے وزیر اعلیٰ نے یونیورسٹی آف مکران پنجگور کیمپس کو درپیش مسائل کے حل کے لیے محکمہ تعلیم کو فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان ترقیاتی عمل کو مزید تیز کرتے ہوئے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور صوبے کے تاریخی ورثے کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے گی۔

