کیٹی پیری اور جسٹن ٹروڈو کی قربتیں بڑھ گئیں؟ کوچیلا کی رومانوی ویڈیوز وائرل

عالمی پاپ اسٹار کیٹی پیری اور کینیڈا کے سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے، جب دونوں کو معروف میوزک فیسٹیول کوچیلا میں نہایت قریبی انداز میں دیکھا گیا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرتی ویڈیوز اور تصاویر نے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔

فیسٹیول کے دوران دونوں شخصیات کو ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے گھومتے، موسیقی سے لطف اندوز ہوتے اور ایک دوسرے کے ساتھ خوشگوار لمحات گزارتے دیکھا گیا۔

کیٹی پیری نے اپنے انسٹاگرام پر بھی اس شام کی جھلکیاں شیئر کیں، جن میں وہ نہ صرف پرفارمنسز انجوائے کرتی دکھائی دیں بلکہ جسٹس ٹروڈو کے ساتھ دوستانہ اور قدرے رومانوی انداز میں بھی نظر آئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تعلق کوئی نیا نہیں بلکہ دونوں کے درمیان قربتوں کی خبریں گزشتہ سال 2025 سے گردش میں تھیں، جنہیں بعد ازاں سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے کافی حد تک تقویت ملی۔ اب کوچیلا میں ایک ساتھ موجودگی اور بے تکلف انداز نے ان افواہوں کو مزید ہوا دے دی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس جوڑی کی ویڈیوز وائرل ہوتے ہی مداحوں نے سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں شروع کر دیں۔ کچھ صارفین اسے ایک سنجیدہ رشتہ قرار دے رہے ہیں، جبکہ کچھ کے نزدیک یہ صرف ایک قریبی دوستی بھی ہو سکتی ہے۔

فی الحال دونوں شخصیات کی جانب سے اپنے تعلق کے بارے میں کوئی واضح بیان سامنے نہیں آیا، مگر کوچیلا کی یہ ’’ڈیٹ نائٹ‘‘ انٹرٹینمنٹ دنیا میں ایک نیا ہاٹ ٹاپک ضرور بن چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں