سبی(اللہ داد ) سبی اتحاد کے سربراہ میر اصغر خان مری نے گذشتہ روز وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران علاقائی سیاسی صورتحال، سبی میں عوام کو درپیش بنیادی سہولیات، امن و امان اور سیکیورٹی کے معاملات سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر میر اصغر خان مری نے سبی کے عوام کو درپیش مسائل، خصوصاً صحت، تعلیم، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی کمی سے آگاہ کیا اور ان مسائل کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سبی کے عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل اور علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سبی کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اور فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی گفتگو کی گئی اور علاقے کی بہتری کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔

