بارکھان سمیت پسماندہ علاقوں کی ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جا رہا ہے،وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ (این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے بارکھان کے قبائلی رہنماء میر عبدالکریم کھیتران نے ملاقات کی جس میں کوہ سلیمان ڈویژن بالخصوص ضلع بارکھان کی سیاسی و علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کی تشکیل پر مشاورت کی گئی اور اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ منصوبہ بندی کو عوامی ضروریات سے ہم آہنگ بنایا جائے گا تاکہ حقیقی معنوں میں مقامی آبادی کو ریلیف مل سکے اس موقع پر میر عبدالکریم کھیتران نے بارکھان میں 50 بیڈڈ اسپتال سمیت دیگر اہم ترقیاتی منصوبوں کی منظوری اور پیش رفت پر وزیر اعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ حکومت کی جانب سے جاری اقدامات سے علاقے میں بنیادی سہولیات کی فراہمی بہتر ہوگی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بارکھان سمیت پسماندہ علاقوں کی ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ وہ بیکڑ کے بعد بارکھان کو اپنا دوسرا گھر تصور کرتے ہیں اور علاقے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھیں گے انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ان شعبوں میں بہتری لانا حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں عوامی فلاح و بہبود اور علاقائی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبے شامل کیے جائیں گے تاکہ پائیدار ترقی کا عمل تیز کیا جا سکے میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے دور دراز اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی جا رہی ہے تاکہ محرومیوں کا خاتمہ ہو اور عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے کے ہر علاقے کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں