بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام ترقی اورامن کے لیے تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی کا فروغ ناگزیر ہے،مولانا ہدایت الرحمن بلوچ

کوئٹہ(این این آئی) امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام ترقی اورامن کے لیے تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی کا فروغ ناگزیر ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ نجی تعلیمی شعبے کی سرپرستی اور بھرپور تعاون کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں دارارقم اسکول سسٹم کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے شہید بیرسٹر عدنان کانسی شہید فاؤنڈیشن کے چیئرمین ارباب محمد افضل کانسی، دارارقم اسکول سسٹم کے ڈائریکٹر زاہد اختر بلوچ اور طیب فرید نے بھی خطاب کیا۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ بچوں کو ناخواندہ رکھنا اور انہیں تعلیم سے محروم کرنا ایک سنگین جرم اور بڑا گناہ ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم کے ساتھ تربیت اور عملی کردار سازی بھی نہایت ضروری ہے، کیونکہ بغیر تربیت اور عمل کے تعلیم کے ثمرات حاصل نہیں کیے جا سکتے۔دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچستان کے عوام کی حقیقی خدمت وہی لوگ کر رہے ہیں جو معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں میں لاکھوں بچے زیر تعلیم ہیں، تاہم مخلوط اور مہنگی تعلیم کے باعث کئی سماجی مسائل بھی جنم لے رہے ہیں جن پر توجہ دینا ضروری ہے۔تقریب کے اختتام پر تعلیم کے فروغ، معیار کی بہتری اور مستحق طلبہ کی معاونت کے حوالے سے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں