ایچ ای سی نے نئی یونیورسٹیوں اور تحصیل سطح پر ذیلی کیمپسز کے قیام کے حوالے سے سخت پالیسی نافذ کر دی ہے، جس کے تحت بغیر اجازت کوئی نیا ادارہ قائم نہیں کیا جا سکے گا۔
ایچ ای سی نے تمام جامعات کے وائس چانسلرز اور سربراہان کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ادارے کی پیشگی اجازت اور سکروٹنی کے بغیر کسی بھی سب کیمپس یا یونیورسٹی کا قیام ممکن نہیں ہوگا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایچ ای سی ایسے کسی ادارے کو این او سی، ایکریڈیٹیشن یا ڈگریوں کی تصدیق فراہم نہیں کرے گا جو پالیسی کے خلاف قائم کیا گیا ہو۔
خط میں تحصیل سطح کے کیمپسز میں پی ایچ ڈی فیکلٹی کی کمی، طلبہ کی کم تعداد اور محدود تعلیمی پروگرامز پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
ایچ ای سی نے تمام زیر التواء سب کیمپسز اور ان کی درخواستوں کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے، جبکہ ان اداروں میں داخلوں اور تشہیر پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ پالیسی کی خلاف ورزی کی صورت میں کیمپس اور پروگرامز کی منظوری بھی منسوخ کی جا سکتی ہے، اور تمام یونیورسٹیز کو نئی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

