کوئٹہ /اسلام آباد(این این آئی)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے شاعر مشرق، مفکرِ پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی 88ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک عظیم فکری سرمایہ ہیں جن کی شاعری اور فلسفہ آج بھی قوموں کی رہنمائی کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی فکر کے ذریعے غلامی کے اندھیروں میں امید کی شمع روشن کی اور مسلمانوں کو اپنی شناخت اور منزل کا شعور عطا کیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی تعلیمات میں خودی، یقین اور عمل کا جو درس دیا گیا ہے وہ آج کے نوجوانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نئی نسل کو اقبال کے پیغام کو سمجھ کر اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا تاکہ وہ ملک و قوم کی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔سیدال خان نے کہا کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا تصور ایک ایسے معاشرے کی تشکیل پر مبنی تھا جہاں انصاف، مساوات اور انسانی وقار کو بنیادی حیثیت حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں اقبال کے افکار کو عملی زندگی میں اپنانا نہایت ضروری ہے تاکہ ہم ایک مضبوط، خودمختار اور خوشحال ریاست کی بنیاد رکھ سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ قومی اداروں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی پالیسیوں اور اقدامات میں اقبال کے نظریات کو مدنظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد، ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے اقبال کی فکر سے رہنمائی لینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم اس عزم کا اعادہ کرنا چاہیے کہ ہم ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے افکار کو اپنی اجتماعی اور انفرادی زندگیوں کا حصہ بنائیں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اقبال کے پیغام کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

