اوتھل (این این آئی) ایس ایس پی لسبیلہ عاطف امیر نے کہا کہ غیر حاضری برداشت نہیں کی جائے گیپولیس ایک ڈسپلن فورس ہے جزا و سزا کا توازن ہی انصاف کی بنیاد ہے.ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اوتھل میں پولیس دربار کے انعقاد پر پولیس افسران و جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دربار کی صدارت SSP عاطف امیر نے کی۔ دربار میں ڈی ایس پی سرکل اوتھل حاصل خان قمبرانی، تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز، اہم ڈیوٹیوں پر تعینات پولیس اہلکاران اور دفتر اسٹاف نے شرکت کی. پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی لسبیلہ عاطف امیر نے کہا کہ موجودہ صوبائی سیکیورٹی صورتحال نہایت حساس ہے۔ جس سے تمام افسران اور اہلکاران بخوبی آگاہ ہیں۔ اس لیے وقت کا تقاضہ ہے کہ ہم اپنے فرائض نہ صرف ذمہ داری بلکہ انتہائی مستعدی اور ایمانداری سے انجام دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر اور ملک دشمن قوتوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے، اور ان کی ہر نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے۔ایس ایس پی نے سخت لہجے میں کہا کہ “مجھے غیر حاضری سے سخت نفرت ہے۔ پولیس ایک ڈسپلن فورس ہے، اور اس میں ہر فرد کو نظم و ضبط کا پابند رہنا ہوگا۔ جو بھی اہلکار بغیر اجازت غیر حاضر پایا جائے گا، اسے سخت تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ان کا کہنا تھا کہ انصاف صرف عوام کے لیے ہی نہیں بلکہ پولیس فورس کے اندر بھی ہونا چاہیے۔میں نے دو ماہ کے قلیل عرصے میں 30 اہلکاروں کو سزائیں دیں، لیکن ساتھ ہی 150 سے زائد اہلکاروں کو انعامات اور تعریفی اسناد بھی دیں۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ میں صرف سزا نہیں دیتا بلکہ حوصلہ افزائی بھی کرتا ہوں۔ایس ایس پی نے پولیس آفیسران و اہلکاروں سے کہا کہ کسی کے پاس اگر کوئی جائز مسئلہ ہے تو وہ باقاعدہ چھٹی لے کر جائے، غیر حاضری ناقابل قبول ہوگی۔ انہوں نے پولیس کو پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتنے کی سختی سے ہدایت کی۔دربار کے آخر میں پولیس اہلکاروں نے اپنے ذاتی و پیشہ ورانہ مسائل سے ایس ایس پی کو آگاہ کیا، جنہیں ایس ایس پی عاطف امیر نے موقع پر ہی افسران کو ہدایات دے کر حل کرنے کا حکم صادر کیا۔ یہ دربار نہ صرف مسائل کے حل کا ذریعہ بنا بلکہ اہلکاروں کو یہ پیغام بھی دیا کہ لسبیلہ پولیس میں نظم و ضبط، شفافیت، جوابدہی اور خدمت کے اصولوں پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔

