گوادر(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے دورہہ گوادر کے موقع پر چیف منسٹر اینکسی گوادر اور یادگار شہید ایم خماری چوک کا باضابطہ افتتاح کر دیاان منصوبوں کو گوادر کی شہری ترقی، انتظامی استعداد میں بہتری اور مقامی تاریخ و قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے افتتاحی تقریب کے دوران متعلقہ حکام کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو منصوبوں کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی گئی چیف منسٹر اینکسی کے قیام سے گوادر میں سرکاری امور کی انجام دہی اور عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری آئے گی جبکہ یادگار شہید ایم خماری چوک مقامی ہیروز کی قربانیوں کی یاد کو تازہ رکھنے اور نئی نسل کو ان سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کرے گا اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت گوادر کی ترقی اور خوشحالی کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے اور شہر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا مقصد نہ صرف بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہے بلکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا بھی ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گوادر کی ترقی دراصل بلوچستان اور پاکستان کی مجموعی ترقی سے جڑی ہوئی ہے اور حکومت اس وڑن کے تحت مربوط حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے منصوبے مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے تاکہ گوادر کو ایک جدید، فعال اور خوشحال شہر بنایا جا سکے اس موقع پر گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل اور رکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمٰن بھی وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ تھے۔

