امریکہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلباء اور اساتذہ کیلئے خوشخبری سامنے آئی ہے، جہاں یو ایس نالج کوریڈور پروگرام کے تحت پی ایچ ڈی سکالرشپس کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے مطابق اس پروگرام کے تحت منتخب امیدواروں کو امریکہ کی 100 بہترین یونیورسٹیوں میں تعلیم اور تحقیق کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، جس سے تعلیمی و تحقیقی صلاحیتوں کو فروغ ملے گا۔
ایچ ای سی نے اساتذہ اور طلباء سے درخواستیں طلب کر لی ہیں، جبکہ درخواستوں کی وصولی 31 اپریل تک جاری رہے گی۔ دلچسپی رکھنے والے امیدوار مقررہ تاریخ سے قبل اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔
اس سکالرشپ پروگرام کے تحت کامیاب امیدواروں کو مکمل مالی معاونت فراہم کی جائے گی، جس میں ٹیوشن فیس، ماہانہ وظیفہ اور ہیلتھ انشورنس شامل ہیں۔
حکام کے مطابق یہ پروگرام پاکستان میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا اور نوجوانوں کو عالمی سطح پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرے گا۔

