کوئٹہ(این این آئی)صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری سے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء و قبائلی شخصیت نوابزادہ شادین خان شاہوانی کی قیادت میں ضلع مستونگ کے وفد نے جھالاوان ہاؤس کوئٹہ میں ملاقات کی ملاقات کے دوران محکمہ بلدیات کے زیر انتظام جاری ترقیاتی منصوبوں، قبائلی تنازعات، اور سیاسی و علاقائی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر وفد نے صوبائی مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری کو اپنے درپیش مسائل سے آگاہ کیا صوبائی مشیر نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اپنے دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے ضلع مستونگ میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے، جبکہ علاقے کی ترقی کے لیے مزید منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پاکستان پیپلزپارٹی کے منشور کا اہم حصہ ہے، جس کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے اس موقع پر نوابزادہ شادین خان شاہوانی نے نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری کا شکریہ ادا کیا اور ضلع مستونگ کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

