ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے شہر کے 34 پرائمری اور مڈل سکولوں میں ارلی چائلڈ ایجوکیشن (ECE) رومز کی اپگریڈیشن کیلئے لاکھوں روپے کے فنڈز جاری کر دیے ہیں، جو متعلقہ سکولوں کے اکاؤنٹس میں منتقل کر دیے گئے ہیں۔
سی ای او ایجوکیشن لاہور کے مطابق جن سکولوں میں اپگریڈیشن کا عمل شروع کیا گیا ہے ان میں گورنمنٹ پرائمری سکول لدھڑ، میاں میر کالونی، گوہاواں، اتحاد ٹاؤن، مفت پورہ، فاروق کالونی، چڑڑ، کسٹم اکیڈمی، مدینہ کالونی، گوند، بنگالی ڈیری فارم سمیت دیگر سکول شامل ہیں۔
حکام کے مطابق ہر سکول کو 50،50 ہزار روپے جاری کیے گئے ہیں تاکہ ای سی ای رومز کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا سکے۔
سی ای او ایجوکیشن طارق محمود نے کہا ہے کہ ای سی ای رومز کی اپگریڈیشن سے پرائمری سطح پر تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی اور بچوں کی ابتدائی تعلیم زیادہ مؤثر ہو سکے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شہر بھر کے مجموعی طور پر 720 سکولوں میں قائم ای سی ای رومز کو مرحلہ وار اپگریڈ کیا جائے گا، کیونکہ گزشتہ 10 سال سے ان رومز کی بحالی اور بہتری کا کام نہیں کیا گیا تھا۔

