کراچی (رپورٹر)آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام ’’عالمی یومِ رقص‘‘ کی مناسبت سے ’’ایک شام کلاسیکل ڈانس کے نام‘‘ سے پروقار تقریب کا انعقاد آڈیٹوریم ون میں کیا گیا جس میں شیماکرمانی اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی ڈانس اکیڈمی کے سربراہ مانی چاؤ نے اظہار خیال کیا، رومانہ حسین نے نظامت کے فرائض انجام دیے ۔ تقریب کا آغاز ’’منی پوری‘‘ ڈانس پرفارمنس سے کیا گیا جبکہ اس رنگارنگ اور ثقافتی تقریب میں کلاسیکی رقص کے مختلف انداز پیش کیے، معروف رقاصہ اور فنِ رقص کی نامور استاد شیما کرمانی اور ان کے باصلاحیت شاگردوں نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے شائقین رقص کے دل جیت لیے، شیما کرمانی نے گروپ کے ہمراہ کلاسیکی رقص کے مختلف اسلوب پیش کر کے فنِ رقص کی خوبصورتی، تہذیبی ورثے اور فنی باریکیوں کو اجاگر کیا۔شیما کرمانی نے فلسطین سے اظہار یک جہتی کرتے ہوئے فلسطین کا روایتی رومال اوڑھ کر پرفارم کیا۔ تقریب میں شہر بھر سے فنونِ لطیفہ سے دلچسپی رکھنے والے افراد، طلبہ، اساتذہ اور فنکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر شیما کرمانی نے کہا کہ آج ہم عالمی رقص کا دن منارہے ہیں، میں ان تمام لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں جو انسانیت اور امن کے انصاف کے لیے لڑ رہے ہیں، میں آپ سب کی شکر گزار ہوں کہ آپ لوگ یہاں تشریف لائے ۔ ڈانس اکیڈمی کے سربراہ مانی چاؤ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم ڈانسر کمیونٹی نامساعد اور مشکل حالات کے باوجود اپنی محنت، لگن اور فن کے ذریعے لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ ہمارے لیے رقص صرف ایک فن نہیں بلکہ جذبات کے اظہار، ثقافت کے فروغ اور معاشرے میں مثبت توانائی پھیلانے کا ذریعہ ہے۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کی سرپرستی ہمارے لیے ایک مضبوط سہارا ہے۔ انہوں نے ہمیشہ فنکاروں، خصوصاً ڈانسر کمیونٹی کی حوصلہ افزائی کی اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا۔ ان کی کاوشوں کی بدولت فنونِ لطیفہ کو فروغ ملا اور آرٹسٹوں کو اپنے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کے بہتر مواقع میسر آئے۔ تقریب میں شیما کرمانی، محمد آصف، داود بھٹی، تیمور، یاسر، محمد عالم، جویریہ، نینا، کے پی اورارما کی شاندار پرفارمنس پر شائقین نے تالیاں بجا کر خوب داد دی ۔

