آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے اسکول آف ویژول اینڈ پرفارمنگ آرٹس کے تحت المنائی سیریز کے دوسرے تھیٹر پلے’’بیگم جان‘‘ کے چرچے

کراچی (رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے اسکول آف ویژول اینڈ پرفارمنگ آرٹس کے تحت المنائی سیریز کا دوسرا تھیٹر پلے’’بیگم جان‘‘ اسٹوڈیو II ، احمد شاہ بلڈنگ میں پیش کیا گیا۔ ڈرامہ معروف مصنف جاوید صدیقی کا تحریر کردہ تھا جبکہ تھیٹر کی ہدایت کاری اسکول آف ویژول اینڈ پرفارمنگ آرٹس کی المنائی الائزہ جاوید کی تھی۔ڈرامے کی کاسٹ میں شامل الائزہ جاوید، دانیال نعیم اور فرزین اعجاز نے اپنی جاندار اداکاری سے شائقین کے دل جیت لیے ۔تھیٹر ’’بیگم جان‘‘ میں ہال شائقین کی تالیوں اور قہقہوں سے گونج اٹھا۔ ’’بیگم جان‘‘ ایک ایسی فنکارہ اور طوائف کی کہانی ہے جو کبھی اپنی خوبصورتی اور فن کے باعث امیر اور بااثر افراد میں بے حد مقبول تھی، مگر وقت گزرنے کے ساتھ جب وہ عمر رسیدہ ہوتی ہے تو وہی لوگ اسے نظر انداز کرنے لگتے ہیں۔کہانی کے اہم کرداروں میں بیگم جان (ایک معروف مگر ضعیف گلوکارہ)، زرینہ (اس کی نواسی) اور سنجے پانڈے (ایک پرجوش صحافی) شامل تھے۔سنجے اپنی شناخت بنانے کے لیے ان خطوط کی حقیقت جاننے کی کوشش کرتا ہے جو مبینہ طور پر مولانا آزاد جیسی معروف شخصیات نے بیگم جان کو لکھے تھے۔یہ ڈرامہ تنہائی، شہرت کے زوال اور وقار کی تلاش جیسے اہم موضوعات کو مؤثر انداز میں پیش کرتا دکھائی دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں