اسحاق ڈار سے ناروے کے نائب وزیر خارجہ کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ناروے کے نائب وزیر خارجہ آندریاس موٹزفیلٹ کراوک نے وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں فریقین نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی جانب سے روابط اور مکالمے کو آگے بڑھانے کی کوششوں پر زور دیا۔

ناروے کے نائب وزیر خارجہ نے پاکستان کے تعمیری کردار اور تنازعات کے پُرامن و دیرپا حل کے لے جاری کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

آندریاس موٹزفیلٹ کراوک نے ناروے کے وزیر خارجہ کی جانب سے اسحاق ڈار کو آئندہ ماہ ہونے والے اوسلو فورم میں شرکت کی دعوت بھی دی، جس پر وزیر خارجہ نے شکریہ ادا کیا۔

فریقین نے دوطرفہ امور، امن، استحکام اور ترقی سے متعلق معاملات پر قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں