بیکڑ، اپر ڈیرہ بگٹی(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایک روزہ دورہ بیکڑ اپر ڈیرہ بگٹی کے موقع پر شہید عظمت خان بگٹی کے گھر جا کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ، سابق صوبائی وزیر خالد لانگو اور دیگر عمائدین بھی وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ موجود تھے شہید عظمت خان بگٹی، جو وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے دیرینہ ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے، گزشتہ دنوں دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے تھے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شہید کے بلند درجات اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شہید عظمت خان بگٹی کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید عظمت خان بگٹی نے وطن، امن اور اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے بہادری، وفاداری اور قربانی کی عظیم مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بہادر اور مخلص لوگ قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں جن کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے غیور عوام نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف ریاست اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر امن کے قیام کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر بلوچستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں لیکن ان کے ناپاک عزائم کو عوام کی طاقت اور ریاستی اداروں کی قربانیوں سے ہر صورت ناکام بنایا جائے گا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کی تاریخ کا روشن باب ہیں اور حکومت بلوچستان شہداء کے خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ کی عزت، دیکھ بھال اور فلاح حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں تمام ممکنہ اقدامات یقینی بنائے جائیں گے انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں امن کے قیام، عوام کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ریاستی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی اور قیام امن کے لیے دی جانے والی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی۔

