گوادر(این این آئی) شدید گرمی اور موسمی حالات کے باعث تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا مطالبہ،مکران کے مختلف علاقوں کے عوامی و سماجی حلقوں نے صوبائی حکومت بلوچستان اور محکمہ تعلیم سے اپیل کی ہے کہ مکران ڈویژن میں جاری شدید گرمی، حبس اور غیر معمولی موسمی حالات کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا فوری طور پر اعلان کیا جائے تاکہ طلباء و طالبات اور اساتذہ کو درپیش مشکلات کا ازالہ ممکن بنایا جاسکے۔اہلیان مکران کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ دنوں مکران کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے جبکہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ، پانی کی قلت اور شدید حبس کے باعث اسکولوں اور کالجوں میں تعلیمی سرگرمیوں کا جاری رکھنا انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔ شدید گرمی کے باعث طلباء خصوصاً چھوٹے بچوں کی صحت متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے جبکہ اساتذہ کو بھی تدریسی فرائض کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ دیہی اور دور دراز علاقوں کے طلباء روزانہ طویل فاصلے طے کرکے تعلیمی اداروں تک پہنچتے ہیں، جہاں بنیادی سہولیات کی کمی اور شدید گرمی ان کیلئے مزید مشکلات پیدا کررہی ہے۔ کئی تعلیمی اداروں میں پنکھے، ٹھنڈے پانی اور بجلی جیسی بنیادی سہولیات دستیاب نہیں جس کی وجہ سے طلباء ذہنی و جسمانی دباؤ کا شکار ہورہے ہیں۔اہلیان مکران نے صوبائی وزیر تعلیم، سیکریٹری تعلیم بلوچستان اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ 15 مئی سے موسم گرما کی تعطیلات کے حوالے سے فوری نوٹیفکیشن جاری کیا جائے تاکہ بچوں اور اساتذہ کی صحت اور تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو زمینی حقائق اور عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے بروقت فیصلہ کرنا چاہئے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جاسکے۔عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی کہ صوبائی حکومت طلباء، والدین اور اساتذہ کے تحفظات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے جلد مثبت اقدام اٹھائے گی۔

