وزیراعظم کی فوکل پرسن کی سیکرٹری صحت بلوچستان سے ملاقات،پولیو کے خاتمے کی مہم کا جائزہ

کوئٹہ(این این آئی)وزیرِاعظم کی پولیو کے خاتمے کیلئے فوکل پرسن محترمہ عائشہ رضا فاروق نے پیر کے روز ایمرجنسی آپریشن سینٹر کوئٹہ میں سیکرٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمن پانیزئی سے ملاقات کی۔اس موقع پرنیشنل کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر انور الحق،صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹرکے کوارڈینیٹر انعام الحق،گیٹس فاؤنڈیشن کے ٹیکنیکل فوکل پرسن ڈاکٹرظفر اقبال خوستی بھی موجود تھے۔ملاقات میں بلوچستان میں پولیو کی موجودہ صورتحال اور آئندہ ذیلی قومی پولیو ویکسینیشن مہم کی تیاریوں کا جائزہ لیاگیااورصوبے بھر میں پولیو کے خطرات، جاری انسدادِ پولیو اقدامات اور آئندہ مہم کی حکمتِ عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کو پولیو سے پاک بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔شرکا نے اس عزم کااظہار کیاکہ آئندہ مہم کے دوران بلوچستان کے 25 منتخب اضلاع میں تقریبا 19 لاکھ 90 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ شرکا نے مہم کی کامیابی کیلئے مربوط حکمتِ عملی اور فیلڈ سطح پر مثر انتظامات کو یقینی بنانے پر زور دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں