حافظ محمد مقصود کشمیری کی جمعیت علمائے اسلام جموں و کشمیر سندھ زون کے رہنماؤں سے ملاقات

کراچی (پریس ریلیز) تحریک تحفظ ختم نبوت آزاد کشمیر کے ترجمان حافظ محمد مقصود کشمیری نے جمعیت علمائے اسلام جموں و کشمیر سندھ زون کے رہنماؤں سے اہم ملاقات ادارہ معارف القرآن گلشن اقبال میں کی، جس میں آزاد کشمیر کی ووٹر لسٹوں، مسلم و غیر مسلم ووٹرز کی علیحدہ رجسٹریشن اور انتخابی نظام سے متعلق آئینی و قانونی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں جمعیت علمائے اسلام جموں و کشمیر سندھ زون کے سرپرست مولانا عبدالوحید، سینیئر نائب امیر مفتی عزیز الرحمٰن دانش، ضلعی امیر مولانا مفتی عبدالحفیظ، سیکرٹری اطلاعات مولانا منظور فقیری، مولانا اسامہ خطیب و دیگر ذمہ داران شریک تھے۔
اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام جموں و کشمیر کے رہنماؤں نے تحریک تحفظ ختم نبوت آزاد کشمیر کی دینی، آئینی اور نظریاتی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ووٹر لسٹوں میں مسلم و غیر مسلم ووٹرز کی واضح علیحدگی کے حوالے سے تحریک کے مؤقف کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ عقیدۂ ختم نبوت کے تحفظ اور ریاست کے اسلامی تشخص کی بقا کے لیے تحریک تحفظ ختم نبوت آزاد کشمیر کی جدوجہد قابلِ قدر اور لائقِ ستائش ہے۔
گفتگو کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کا آئینی تشخص اسلامی اصولوں اور نظریۂ الحاقِ پاکستان پر قائم ہے، اس لیے ووٹر لسٹوں میں مسلم اور غیر مسلم ووٹرز کی واضح اور مستقل تفریق ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی ریکارڈ میں مذہبی شناخت کا ابہام مستقبل میں قانونی اور آئینی پیچیدگیوں کو جنم دے سکتا ہے، لہٰذا اس مسئلے کا بروقت حل انتہائی ضروری ہے۔
حافظ محمد مقصود کشمیری نے تحریک تحفظ ختم نبوت آزاد کشمیر کی جاری جدوجہد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مختلف اضلاع میں عوامی آگاہی مہم، علماء کنونشنز، سیمینارز اور پریس کانفرنسوں کے ذریعے اس اہم آئینی معاملے کو اجاگر کیا جا رہا ہے تاکہ ووٹر لسٹوں میں مکمل شفافیت اور آئینی تقاضوں کے مطابق اصلاحات کو یقینی بنایا جا سکے۔
جے یو آئی رہنماؤں نے آزاد کشمیر حکومت، قانون ساز اسمبلی اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ مسلم اور غیر مسلم ووٹرز کی الگ رجسٹریشن کے لیے واضح آئینی و قانونی اقدامات کیے جائیں تاکہ ریاست کے اسلامی تشخص، انتخابی شفافیت اور عوامی اعتماد کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں