بالی ووڈ اداکارہ دیشا پٹانی سوشل میڈیا پر نئی تنازع کا شکار ہوگئی ہیں، جہاں انہیں اداکارہ مونی رائے اور ان کے سابق شوہر سورج نمبیار کی علیحدگی کے بعد غیر متوقع طور پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مونی رائے اور سورج نمبیار کی جانب سے علیحدگی کے باضابطہ اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں زور پکڑ گئیں۔ جوڑے نے مشترکہ بیان میں اپنی رازداری برقرار رکھنے کی درخواست کی تھی اور واضح کیا تھا کہ وہ باہمی احترام کے ساتھ اپنی راہیں جدا کر رہے ہیں۔
طلاق کے اعلان کے فوراً بعد مونی رائے نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کمنٹ سیکشن محدود کر دیا اور موجودہ تبصرے بھی پوشیدہ کر دیے، تاہم سوشل میڈیا صارفین نے اپنی قیاس آرائیوں کا رخ ان کی پرانی پوسٹس کی جانب موڑ دیا۔
اسی دوران متعدد صارفین نے دیشا پٹانی کو اس علیحدگی کا ذمے دار قرار دیتے ہوئے ان پر مونی رائے کا گھر توڑنے جیسے الزامات عائد کرنا شروع کر دیے۔ بعض تبصروں میں دعویٰ کیا گیا کہ دیشا پٹانی کی وجہ سے مونی اور سورج کے تعلقات متاثر ہوئے، حالانکہ اس حوالے سے کوئی مصدقہ ثبوت سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب مونی رائے اور سورج نمبیار نے اپنے مشترکہ پیغام میں واضح کیا تھا کہ ان کی ذاتی زندگی کو غیر ضروری سنسنی خیزی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ دونوں نے کہا کہ وہ اس مرحلے کو نجی طور پر خوش اسلوبی سے طے کرنا چاہتے ہیں اور مستقبل میں دوستانہ تعلق برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔
یاد رہے کہ مونی رائے اور سورج نمبیار نے 2022 میں شادی کی تھی، اور ان کی علیحدگی کی خبر نے مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔ تاہم دیشا پٹانی کے خلاف لگائے جانے والے الزامات فی الحال محض سوشل میڈیا قیاس آرائیوں تک محدود ہیں۔

