بے گناہ شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

اسلام آباد( رپورٹر) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کی چیئرپرسن سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے چمن ریلوے پھاٹک کوئٹہ کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید اور بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والے درندہ صفت عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے اس افسوسناک واقعے کو انسانیت کے خلاف سنگین جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد انسان کہلانے کے بھی لائق نہیں۔ انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ دھماکہ انتہائی انسانیت سوز اور اور مکروہ کارروائی ہے۔ اس بزدلانہ کارروائی میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور زخمی ہونے والے بچوں،بھائیوں بہنوں کی خبر نے پورے صوبے اور قوم کو سوگوار کر دیا ہے۔ ہم ان شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور زخمیوں کے جلد صحتیاب ہونے کے لیے دعاگو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی چاہے جس بھی نام یا سرپرستی میں ہو انسانی جانوں اور امن کے خلاف مرتکب وہ سنگین جرم ہے جسے ہم کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ ہماری قوم کا حوصلہ شکستہ کرنے اور معاشرتی ہم آہنگی برباد کرنے کی کوششوں کو ہم ہر حال میں ناکام بنائیں گے اور پوری قوم اس دہشت گردی کی عفریت سے نمٹنے کے لئے یکجا ہے اور کسی صورت دہشت گردی کے اس ناسور کو پنپنے نہیں دیا جائے گا اور جلد ان تمام دہشت گردوں کو جہنم واصل کر کے وطن کو پاک کر دیا جائے گا۔ سینیٹرثمینہ ممتاز زہری نے مزید کہا کہ ہم واضح کرتے ہیں کہ یہ حملہ صرف ایک مقامی واقعہ نہیں؛ یہ ایک منصوبہ بند سازش کا حصہ ہے جس کے پیچھے ہمارے ازلی دشمن بھارت کے پالتو خارجی عناصر اور ان کے ایجنٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کے حمایتی عناصر اور اْن کے پالتو پروکسیز فتنہ الہندوستان جو یہاں نفرت، انتشار اور تباہی پھیلا رہے ہیں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ یہ دہشت گرد اب چھپ نہیں سکتے انہیں منطقی انجام تک پہنچایا جلد جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی یا سمجھوتہ قابل قبول نہیں۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کوپہلے بھی ہماری بہادر فوج اور سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنایا ہے اور مستقبل میں بزدل دشمن عناصر کی اس قسم کی کسی بھی کارروائی کوناکام بنایا جائے گا اور دشمنوں کو جہنم واصل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم متحد ہے اور دہشت گردی کے خلاف اپنی بہادر افواج اور سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ سیسہ پلائیدیوارکی مانندکھڑی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک دشمن عناصر کو ہر محاذ پر شکست دی جائے گی اور پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اس عزم کااظہار کیا کہ قوم کا ہر فرد دہشت گردی کے خاتم کے خلاف اس جنگ میں اپنا کردار ادا کرے گا اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوگا اور پاکستان ترقی استحکام اور خوشحالی کی راہ پر مزید تیزی سے گامزن ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں