کوئٹہ(این این آئی) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ معصوم اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے عناصر انسانیت کے دشمن ہیں اور ایسے بزدلانہ اقدامات قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔سیدال خان نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین اور فوری سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد اور تعاون فراہم کرنا حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے پوری قوم متحد ہے اور ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے، لواحقین کو صبر جمیل دے اور تمام زخمیوں کو جلد صحت کاملہ عطا فرمائے۔ آمین۔

