پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال کی شادی سے متعلق گردش کرتی خبروں کے درمیان ایک اہم پیشرفت سامنے آگئی۔ اداکارہ کے قریبی ساتھی حمزہ حبیب نے تصدیق کی ہے کہ دونوں کا نکاح دو روز قبل ہوچکا ہے اور اب وہ صرف منگیتر نہیں بلکہ مومنہ اقبال کے شوہر ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ حبیب نے بتایا کہ ’’الحمدللہ ہمارا نکاح ہوچکا ہے، مومنہ اقبال اب میری قانونی بیوی ہیں۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی اہلیہ کے تحفظ اور عزت کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ حبیب کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں یکم جون تک متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت جاری کردی۔ ان کے خلاف جھنگ پولیس نے ثاقب چڈھر نامی شخص کو مبینہ دھمکیاں دینے کے الزام میں مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
عدالت کے باہر گفتگو میں حمزہ حبیب نے مقدمے کو سیاسی اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ثاقب چڈھر نے ان سے رابطہ کرکے مومنہ اقبال سے علیحدگی اختیار کرنے کے بدلے مالی فائدے کی پیشکش بھی کی۔
حمزہ حبیب نے جذباتی انداز میں کہا کہ ’’مومنہ میری عزت ہے، میری بیوی ہے اور وہ میری شیرنی ہے۔‘‘ ان کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے نئی نویلی جوڑی کے لیے نیک تمناؤں اور دلچسپ تبصروں کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔

