جنید ریاض: پنجاب حکومت نے سمر ویکیشنز کے دوران طلبہ کے تعلیمی تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے لرننگ کیمپس قائم کرنے کی منظوری دے دی، تاہم سرکاری سکولوں میں سمر کیمپس کی اجازت سے متعلق باضابطہ نوٹیفکیشن تاحال جاری نہیں کیا جا سکا۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق صوبے کے 12 اضلاع کے 3030 منتخب سکولوں میں مجموعی طور پر 6060 لرننگ کیمپس قائم کیے جائیں گے۔ یہ کیمپس 2 جون 2026 سے 7 اگست 2026 تک جاری رہیں گے۔
حکام کے مطابق لرننگ کیمپس 8 ہفتوں تک ہفتے میں پانچ دن چلائے جائیں گے جبکہ ان کا وقت صبح 7 بجے سے 9:30 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام سی ای اوز کو ہدایت کی ہے کہ لرننگ کیمپس کی مؤثر نگرانی، اساتذہ کی حاضری اور کمیونٹی موبلائزیشن کو یقینی بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
محکمہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام گرمیوں کی تعطیلات کے دوران طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھنے اور سیکھنے کے عمل میں تسلسل برقرار رکھنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

