معیاری تعلیم طلبہ کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے،گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری سکول اوتھل

اوتھل (این این آئی)گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری سکول اوتھل کے پرنسپل محمد سلیم سرپرہ نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم طلبہ کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے اور اسکول کے اساتذہ پوری محنت، لگن اور ذمہ داری کے ساتھ طلبہ کو بہترین تعلیم فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔انہوں نے یہ بات سٹی پریس کلب اوتھل کے صحافیوں سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر صحافیوں کے اعزاز میں ٹی پارٹی کا بھی اہتمام کیا گیا۔پرنسپل محمد سلیم سرپرہ نے کہا کہ اسکول کو ایک مثالی تعلیمی ادارہ بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سالانہ بجٹ سے معیاری فرنیچر، دیگر ضروری سامان اور طلبہ کے لیے کھیلوں کا سامان خریدا گیا ہے تاکہ انہیں بہتر تعلیمی اور ہم نصابی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ والدین اور اسکول انتظامیہ کے باہمی تعاون سے ادارے کو درپیش بیشتر مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔ اساتذہ کی کمی کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لسبیلہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے، جنہوں نے مزید اساتذہ کی تعیناتی کی یقین دہانی کرائی ہے۔پرنسپل نے کہا کہ طلبہ معیاری تعلیم حاصل کرکے اپنے والدین، اساتذہ، ضلع اور ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ انہوں نے صحافیوں کو معاشرے کا چوتھا ستون قرار دیتے ہوئے تعلیم کے فروغ میں میڈیا کے کردار کو بھی سراہا۔ اس موقع پر وائس پرنسپل ڈاکٹر شہزاد حیدر ملغانی، سینئر استاد امام بخش سیماب اور دیگر اساتذہ بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں