عمران یونس: ہائر ایجوکیشن کمیشن ( ایچ ای سی) نے ڈگریوں کے مبینہ ڈیٹا لیک ہونے کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔
ایچ ای سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی معلومات کے برعکس لیک ہونے والے ریکارڈ کا ایچ ای سی کے ڈگری ویری فکیشن سسٹم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ترجمان کے مطابق ایچ ای سی ڈیٹا لیک ہونے کا دعویٰ کرنے والی تمام رپورٹس کو واضح طور پر مسترد کرتا ہے۔ ادارے کے سائبر سکیورٹی آپریشن سینٹر کی تحقیقات سے ثابت ہوا ہے کہ زیر گردش ریکارڈ ایچ ای سی کے کسی بھی سسٹم سے حاصل نہیں کیا گیا۔
ایچ ای سی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر مصدقہ افواہوں اور گمراہ کن معلومات کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے گریز کریں اور صرف مستند ذرائع سے حاصل شدہ معلومات پر اعتماد کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند روز سے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایچ ای سی ڈگریوں کے ڈیٹا لیک ہونے سے متعلق دعوے گردش کر رہے تھے، جن پر ادارے نے باضابطہ وضاحت جاری کر دی ہے۔

